کاروار ، 13 / جون (ایس او نیوز) برسات کے موسم میں کونکن ریلوے لائن پر زمین اور چٹانیں کھسکنے اور پہاڑی تودے ٹریک پر گرنے سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں خلل پڑنے کے معاملات پیش آتے رہتے ہیں ۔ گزشتہ سال موسلا دھار برسات کے دوران زمین کھسکنے کی وجہ سے کئی دنوں تک بہت سی ٹرینوں کو ٹریک پر روکنا پڑا تھا ۔
امسال ایسے حالات سے نمٹنے کے لئے کونکن ریلوے نے کچھ اہم اقدامات کیے ہیں اور پیشگی تیاریاں کر لی ہیں جن کی جانکاری دیتے ہوئے کونکن ریلوے کے ڈپٹی جنرل منیجر گریش کرندیکر نے بتایا : " مانسون میں ایسے ہنگامی حالات سے بچنے کے لئے کونکن ریلوے روٹ پر ممکنہ طور پر حادثات پیش آنے لائق مقامات کی مسلسل نگرانی اور جانچ کے لئے 673 اسامیوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ٹرینوں کی رفتار کم کرنے کے علاوہ ٹریکس پر پتھر، تودے اور مٹی گرنے کی صورت میں اسے فوری طور پر ہٹانے کے لئے متعینہ مقامات پر کھدائی کرنے والی مشینیں (ایکسکویٹرس) تیار رکھے گئے ہیں۔
کونکن ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ : " ٹریکس پر سے پانی نکاسی کے لئے نالوں کی صفائی کے ساتھ دوسری ضروری کارروائیاں کی گئی ہیں ۔ تیز برسات ہونے پر اگر سامنے کا منظر صاف نظر آنا مشکل ہوجائے تو ایسی صورت میں ٹرینوں کی رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہی محدود رکھنے کے لئے لوکو پائلیٹس کو ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ ہنگامی طبی امداد کے ساتھ آپریشن تھیٹر کی سہولت والی ایکسیڈنٹ ریلیف میڈیکل وین (اے آر ایم وی) کو رتنا گیری اور ورنا کے مقام پر تیار رکھا گیا ہے ۔ اس وین میں ہنگامی رابطہ کے لئے سیٹلائٹ فون کی سہولت بھی دستیاب ہے ۔ ایکسیڈنٹ ریلیف ٹرین (اے آر ٹی) کو ورنا میں تیار رکھا گیا ہے ۔"
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ریلوے کےتحفاظتی شعبہ سے منسلک تمام عملہ کو موبائل فون فراہم کیے گئے ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں وہ کنٹرول آفس/اسٹیشن سے براہ راست رابطہ قائم کر سکیں ۔ اس کے علاوہ ٹرین کے دونوں لوکو پائلیٹس اور گارڈس کو واکی ٹاکی فراہم کیے گئے ہیں اور کونکن ریلوے کے ہر اسٹیشن کو 25 واٹ والا VHF بیش اسٹیشن دیا گیا ہے ، اس سے ٹرین کو عملہ کو آپس میں یا پھر اسٹیشن ماسٹر سے رابطہ رکھنا ممکن ہوتا ہے ۔ کونکن ریلوے روٹ کے ہر ایک کلو میٹر کے فاصلہ پر ایمرجنسی کمیونی کیشن ساکیٹس سے لگائے گئے ہیں جس سے پٹرولنگ اسٹاف ، لوکو پائلیٹس اور دیگر عملہ کو اسٹیشن ماسٹر اور کنٹرول آفس سے رابطہ کرنے میں سہولت ہوتی ہے ۔
کونکن ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ ٹرین روٹ کے انتظام کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لئے کاروار، اڈپی ، بھٹکل، مانگاوں، چیپلون، رتناگیری، ویلواڈے، کنکاولی اور مڑگاوں جیسے 9 اسٹیشنوں پر برسات پیمائش کو خودکار طریقے سے ریکارڈ کرنے اور افسران کو چوکنا کرنے والے آلات نصب کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ بدلتے موسم پر نظر رکھنے کے لئے ہوناور کے شراوتی برڈج، پنویل برڈج، مانڈووی برڈج اور زوواری برڈج پر ہواوں کی رفتار ناپنے والے اینیمومیٹرس بھی لگائے گئے ہیں ۔